Sun, September 27, 2026

نورستان جھڑپیں: پاکستان نے افغان طالبان کے الزامات مسترد کر دیے

 نورستان جھڑپیں: پاکستان نے افغان طالبان کے الزامات مسترد کر دیے

 اسلام آباد: پاکستان نے نورستان میں حالیہ جھڑپوں میں ملوث ہونے سے متعلق افغان طالبان حکومت کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔

 وزارتِ اطلاعات و نشریات کے مطابق پاکستان کا نورستان سمیت افغانستان میں کسی بھی داخلی تنازع یا جھڑپ سے کوئی تعلق نہیں۔ پاکستانی سکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس اداروں کے نورستان میں کسی کارروائی میں ملوث ہونے کے دعوے بھی بے بنیاد ہیں۔

 حکام نے کہا کہ سابق افغان اہلکاروں کی بھرتی یا تربیت، داعش سمیت کسی دہشت گرد گروہ کی سہولت کاری اور دیگر الزامات کے حق میں کوئی قابلِ تصدیق ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔ نہ افراد کی شناخت، دستاویزات، مواصلاتی ریکارڈ یا فرانزک شواہد سامنے لائے گئے اور نہ ہی سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مبینہ ویڈیو پاکستان کے کسی کردار کو ثابت کرتی ہے۔

 وزارتِ اطلاعات نے کہا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹس میں افغانستان میں مختلف دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی اور سرگرمیوں کی نشاندہی کی جاتی رہی ہے۔ افغان سرزمین پر سرگرم دہشت گرد گروہ پاکستان سمیت پورے خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔

 وزارت کے مطابق طالبان حکومت کو اپنے داخلی سلامتی کے مسائل کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرانے کے بجائے افغانستان میں موجود دہشت گرد تنظیموں کے خلاف قابلِ تصدیق اور مؤثر اقدامات کرنے چاہییں۔

ٹیگز: