کراچی:منشیات کی خرید و فروخت کے مقدمے میں نامزد خاتون ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کی سیکیورٹی کے پیشِ نظر ویمن جیل کراچی کی انتظامیہ نے عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔
مقدمے کی سماعت کے دوران ویمن جیل کراچی کی سپرنٹنڈنٹ خود مقامی عدالت کے روبرو پیش ہوئیں اور ملزمہ کی عدالت آمد پر سیکیورٹی سے متعلق خدشات کا اظہار کیا۔ جیل حکام کی جانب سے عدالت میں ایک باقاعدہ درخواست دائر کی گئی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ ملزمہ کو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا جائے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزمہ انمول پنکی کی ذاتی طور پر عدالت میں پیشی سے لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال خراب ہونے اور نقصِ امن کا شدید خطرہ ہے۔ جیل انتظامیہ نے عدالت سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے ملزمہ کو جیل سے عدالت منتقل کرنے کے بجائے جدید ویڈیو لنک سسٹم کے ذریعے مقدمے کی کارروائی کا حصہ بنایا جائے۔