Wed, September 16, 2026

اقوام متحدہ میں بھارت کو کرارا جواب، پاکستان نے الزامات مسترد کر دیے

اقوام متحدہ میں بھارت کو کرارا جواب، پاکستان نے الزامات مسترد کر دیے

نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کا پاکستان نے سخت اور مدلل جواب دیا ہے۔ پاکستانی مندوب محمد راشد نے بھارتی وزیر خارجہ کی تقریر کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان کو بدنام کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے، حالانکہ سچ یہ ہے کہ خود بھارت دہشتگردی کا سرپرست ہے۔

محمد راشد نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار سے زائد قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے بھارت پر الزام لگایا کہ وہ خطے میں پراکسی نیٹ ورکس کے ذریعے پاکستان میں دہشتگرد کارروائیاں کروا رہا ہے، جن کی زندہ مثال بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو ہے، جو پاکستان میں دہشتگردی کرتے ہوئے پکڑا گیا۔

پاکستانی مندوب نے بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی بھی نشاندہی کی۔ انہوں نے کہا کہ وہاں ہر روز کشمیری عوام ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں اور ریاستی دہشتگردی کا سامنا کرتے ہیں۔

محمد راشد نے پہلگام حملے پر بھارت کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بغیر کسی ثبوت کے ہر واقعے کا الزام پاکستان پر ڈال دینا بھارت کا پرانا وطیرہ ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارت نے اس واقعے کو جواز بنا کر پاکستان پر کھلی جارحیت کی، جس میں 54 بے گناہ پاکستانی شہری شہید ہوئے، جن میں بچے اور خواتین بھی شامل تھیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا رویہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، اور یہ ایک خطرناک مثال ہے جسے دنیا کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ پاکستان نے ہمیشہ امن، بات چیت اور سفارت کاری کو ترجیح دی ہے، اور اگر بھارت واقعی خطے میں امن چاہتا ہے تو اسے بھی یہی راستہ اپنانا ہوگا۔

ٹیگز: