Wed, September 16, 2026

پاکستان کے نوجوانوں پر اعتماد کرنا ہوگا،پروفیسر ڈاکٹرچوہدری عبدالرحمان

پاکستان کے نوجوانوں پر اعتماد کرنا ہوگا،پروفیسر ڈاکٹرچوہدری عبدالرحمان

لاہور: چیئرمین سپیریئر گروپ پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں، انہیں مواقع اور درست رہنمائی فراہم کی جائے تو وہ غیر معمولی کامیابیاں حاصل کرسکتے ہیں۔ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دینے والے افراد بھی ملک کے مستقبل کی تعمیر میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

’سی پاکستان 2026‘ سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے کہا کہ نوجوانوں کو کامیابی کے لیے اچھے رول ماڈلز کی ضرورت ہے، حضرت محمد ﷺ سے بڑھ کر ہمارا کوئی رول ماڈل نہیں۔ ایمانداری، صبر اور مسلسل محنت وہ اوصاف ہیں جو نوجوانوں کو کامیابی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر معاملے میں انگلینڈ، امریکا اور چین کی طرف دیکھنے کے بجائے اپنی صلاحیتوں پر اعتماد کرنا ہوگا۔ پاکستان کے نوجوانوں میں آگے بڑھنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے، ضرورت صرف انہیں مناسب مواقع فراہم کرنے کی ہے۔

چیئرمین سپیریئر گروپ نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی کے لیے سب کو مل کر ’سپیریئر اکنامک پاکستان‘ کی بنیاد رکھنا ہوگی۔ نوجوانوں کو تعلیم، کاروبار اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرکے پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’سی پاکستان 2026‘ میں ملک بھر سے بہترین پروجیکٹس منتخب کیے گئے ہیں۔ یہ پلیٹ فارم نوجوانوں کے تخلیقی اور کاروباری آئیڈیاز کو اجاگر کرنے اور انہیں ملکی و عالمی سطح پر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

ٹیگز: