Fri, September 25, 2026

خیبرپختونخوا حکومت پولیس کے اختیارات اپنے ہاتھ میں لینا چاہتی ہے: فیصل کریم کنڈی

خیبرپختونخوا حکومت پولیس کے اختیارات اپنے ہاتھ میں لینا چاہتی ہے: فیصل کریم کنڈی

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت پولیس کے تمام اختیارات اپنے پاس رکھنا چاہتی ہے اور مجوزہ پولیس ایکٹ کے ذریعے پولیس کے نظام میں تبدیلی لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کابینہ نے چند روز قبل پولیس ایکٹ منظور کرنے کی کوشش کی، تاہم صوبائی کابینہ کے بعض ارکان نے بھی اس قانون کی مخالفت کی۔

گورنر خیبرپختونخوا نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی ماضی میں پولیس کو سیاست سے دور رکھنے کی بات کرتی رہی، لیکن اب پولیس کو سیاسی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق نئے ایکٹ کے تحت احکامات کی تعمیل کرنے والوں کو ترقی دی جائے گی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دے رہی ہے اور صوبے کے جنوبی اضلاع اور ضم شدہ اضلاع میں امن و امان کی صورتحال اب بھی خراب ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے حالیہ کارروائی میں دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام بنائی، جبکہ سی ٹی ڈی نے ایک بڑے دہشت گرد کو ہلاک کیا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے مزید الزام عائد کیا کہ صوبے میں ماضی کے دوران ٹائیگر فورس سے وابستہ افراد کو بھرتی کرکے اداروں کو نقصان پہنچایا گیا۔ انہوں نے پی ٹی آئی کی سیاسی سرگرمیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس کوئی واضح ایجنڈا نہیں۔

ٹیگز: