Wed, September 16, 2026

سینیٹ انتخابات میں خیبرپختونخوا سے زیادہ نشستیں جیتنا ہدف ہے:فیصل کریم کنڈی

 سینیٹ انتخابات میں خیبرپختونخوا سے زیادہ نشستیں جیتنا ہدف ہے:فیصل کریم کنڈی

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ آئندہ سینیٹ انتخابات میں خیبرپختونخوا سے زیادہ سیٹیں جیتنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں، سیاسی ملاقاتیں معمول کی بات ہیں۔

میڈیا سے گفتگو میں گورنر کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے 30 ارکان نے خود کو آزاد ڈکلیئر کر دیا ہے، اور اگر مطلوبہ تعداد پوری ہوئی تو تحریک عدم اعتماد بھی پیش کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ خیبرپختونخوا میں بدعنوانی عروج پر ہے اور امن و امان کی صورتحال بھی خراب ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ 13 سال میں نوجوانوں کے لیے کھیل کا ایک بھی میدان نہیں بنایا گیا، جو حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

دہشت گردی سے متعلق گفتگو میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کے خلاف افغان سرزمین استعمال ہو رہی ہے، جس پر فوری اور مؤثر ردعمل کی ضرورت ہے۔

گورنر نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اسمبلی میں اپوزیشن مؤثر کردار ادا کرے، جبکہ تحریک انصاف اندرونی اختلافات سے دوچار ہے اور سیاسی منظرنامہ تیزی سے بدل رہا ہے۔

ٹیگز: