کیلیفورنیا : واٹس ایپ اپنے صارفین کے لیے پرانی گفتگو میں کسی مخصوص پیغام تک پہنچنے کا طریقہ مزید سہل بنانے پر کام کر رہا ہے۔ آئی فون کے بیٹا ورژن میں چیٹ کے اندر سرچ شارٹ کٹ شامل کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
اس وقت پرانا پیغام تلاش کرنے کے لیے صارف کو پہلے چیٹ کی انفارمیشن سکرین کھولنا پڑتی ہے اور پھر سرچ کے ذریعے مطلوبہ مواد تلاش کرنا ہوتا ہے۔ نئی سہولت کے بعد یہ عمل براہِ راست چیٹ سکرین سے ہی مکمل کیا جاسکے گا۔
نئے ڈیزائن میں سرچ شارٹ کٹ ہر وقت دکھائی نہیں دے گا بلکہ چیٹ میں پرانے پیغامات کی جانب اسکرول کرنے پر ظاہر ہوگا۔ اس طرح طویل گفتگو میں کسی مخصوص پیغام یا معلومات تک رسائی نسبتاً آسان ہوجائے گی۔
رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ اس سہولت کو صرف ذاتی چیٹس تک محدود نہیں رکھ رہا بلکہ چینلز کی پرانی پوسٹس اور اپ ڈیٹس تلاش کرنے کے لیے بھی یہی فیچر فراہم کیا جائے گا۔
یہ فیچر فی الحال آئی او ایس کے بیٹا ورژن میں آزمائشی مراحل سے گزر رہا ہے، اس لیے عام صارفین کے لیے اس کی ریلیز کی تاریخ ابھی سامنے نہیں آئی۔