Wed, September 16, 2026

واٹس ایپ کا نیا فیچر "رائٹنگ ہیلپ"؛ اب پیغام لکھنا ہوگا مزید آسان

واٹس ایپ کا نیا فیچر

کیلیفورنیا: دنیا بھر میں استعمال ہونے والی مشہور میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا اور دلچسپ فیچر متعارف کرایا ہے، جس کا نام "رائٹنگ ہیلپ" رکھا گیا ہے۔

یہ نیا فیچر فی الحال اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن میں محدود صارفین کے لیے دستیاب ہے اور اس کا مقصد پیغام رسانی کو زیادہ سہل، موثر اور ہوشیار بنانا ہے۔

میسجنگ ایپس پر نظر رکھنے والے معتبر پلیٹ فارم WABetaInfo کے مطابق، "رائٹنگ ہیلپ" کی مدد سے صارفین کو نہ صرف بہتر انداز میں پیغامات لکھنے میں سہولت ملے گی بلکہ جواب دینے اور الفاظ کے چناؤ میں بھی رہنمائی حاصل ہوگی۔

اس فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ یہ آن ڈیوائس مصنوعی ذہانت پر کام کرتا ہے، یعنی صارفین کے پیغامات کا تجزیہ ان کے موبائل فون پر ہی کیا جائے گا اور کسی بھی قسم کا ڈیٹا انٹرنیٹ کے ذریعے سرورز پر منتقل نہیں ہوگا، جس سے پرائیویسی کو تحفظ حاصل ہوگا۔

یہ فیچر ان صارفین کے لیے خاص طور پر مفید ہوگا جنہیں جلد بازی میں یا الفاظ کے انتخاب میں مشکل پیش آتی ہے۔ "رائٹنگ ہیلپ" کی بدولت حقیقی وقت میں تجاویز دی جائیں گی، جن میں سے صارف اپنی پسند کی تجویز منتخب کر سکتا ہے۔

واٹس ایپ کے مطابق یہ فیچر اختیاری ہوگا اور ابتدائی طور پر غیرفعال رہے گا۔ صارفین اسے اپنی مرضی سے سیٹنگز میں جا کر چالو کر سکیں گے۔

اگرچہ ابھی یہ سہولت صرف آزمائشی مرحلے میں ہے، لیکن ماہرین کے مطابق یہ واٹس ایپ صارفین کے لیے رابطے کو زیادہ مؤثر اور آسان بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

ٹیگز: