اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی فیول ریلیف سکیم میں نئی سہولت شامل کردی گئی، اب 5 لیٹر سے کم پٹرول خریدنے والے موٹرسائیکل، چنگ چی اور رکشہ مالکان بھی رعایت حاصل کرسکیں گے۔
حکومت کے مطابق اہل شہریوں کو ایک ٹوکن کے ذریعے ہر ہفتے 500 روپے کی براہِ راست رعایت دی جائے گی، جبکہ ماہانہ چار ٹوکن جاری کیے جائیں گے۔
اس سے قبل کم مقدار میں پٹرول خریدنے والے صارفین کو سکیم سے فائدہ اٹھانے میں مشکلات کا سامنا تھا۔ نئے فیصلے کے بعد پٹرول کی کم مقدار خریدنے والے اہل صارفین بھی مقررہ رعایت حاصل کرسکیں گے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ سکیم کا مقصد موٹرسائیکل، چنگ چی اور رکشہ استعمال کرنے والے کم آمدنی والے شہریوں کو پٹرول کے بڑھتے اخراجات میں براہِ راست ریلیف فراہم کرنا ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو سکیم پر مؤثر عملدرآمد اور مستحق شہریوں تک ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔