نئی دہلی : ایشین چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد سے قبل پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک نیا تنازع سامنے آگیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بھارت میں سیکیورٹی خدشات کے باعث قومی ٹیم کے میچز کسی غیر جانب دار مقام پر منتقل کرنے کی درخواست کی، تاہم بھارتی حکام نے یہ مطالبہ ماننے سے انکار کر دیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی حکام نے ٹورنامنٹ کے میچز بھارت کے بجائے نیوٹرل وینیو پر کرانے کی تجویز پیش کی تھی۔ پاکستان کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر مقام تبدیل کیا جائے۔
رپورٹس کے مطابق بھارتی ہاکی حکام نے پاکستان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے موجودہ شیڈول اور وینیو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان کی شرکت نہ ہونے کی صورت میں بنگلادیش یا عمان کو ایونٹ میں شامل کرنے کے امکان کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلوں کے میدان میں پہلے بھی کئی مواقع پر تنازعات سامنے آتے رہے ہیں، تاہم اس معاملے میں حتمی فیصلہ ٹورنامنٹ کے منتظمین اور متعلقہ ہاکی حکام کی جانب سے کیا جائے گا۔
اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ پاکستان اپنی سیکیورٹی سے متعلق تشویش کے باوجود بھارت میں ہونے والے ایونٹ میں شرکت کرے گا یا وینیو کے معاملے پر مزید بات چیت کی جائے گی۔