اسلام آباد: پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری نے جل تھل ایک کردیا، جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں شدید بارش کے بعد رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
اسلام آباد، راولپنڈی، کوہاٹ، کرک، میانوالی اور دنیا پور میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔
جھنگ، چشمہ، دریا خان، کچہ گجرات، پیلاں اور دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی، جبکہ کندیاں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ گلیاں اور محلے زیرآب آنے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
بارش کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کے فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، جس سے شہریوں کو مشکلات پیش آئیں۔ شدید بارش کے بعد متعلقہ اداروں نے نکاسی آب کے اقدامات شروع کردیئے، جبکہ نشیبی علاقوں کی صورتحال پر بھی نظر رکھی جارہی ہے۔