اسلام آباد :راولپنڈی اور اسلام آباد میں رات بھر جاری رہنے والی موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ بڑھ گیا، جس پر واسا راولپنڈی نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے رین ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔
واسا کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد سلیم اشرف کے مطابق، نکاسی آب کے مؤثر انتظام کے لیے ادارے کا عملہ ہیوی مشینری کے ساتھ کمیٹی چوک انڈر پاس، مری روڈ سمیت حساس علاقوں میں تعینات کر دیا گیا ہے۔نالہ لئی کے کیچمنٹ ایریا، خصوصاً سیدپور، میں شدید بارش کے باعث کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 11 فٹ اور گوالمنڈی پل پر 5 فٹ تک بلند ہوئی، تاہم بارش رکنے کے بعد سطح کم ہو کر دوبارہ معمول پر آ گئی ہے۔
ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ ادارہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور تمام متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں کا غیر ضروری سفر نہ کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر واسا کی ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔