واشنگٹن : وائٹ ہاؤس میں ہونے والے حملے کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اس قسم کے واقعات سے مرعوب نہیں ہوں گے اور ایران کے خلاف اپنی پالیسیوں کو کامیابی سے ہمکنار کریں گے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہیں نہیں لگتا کہ اس فائرنگ کا ایران کے ساتھ جاری کشیدگی سے کوئی تعلق ہے، تاہم ایسی کوئی بھی حرکت انہیں ایران کے خلاف فتح حاصل کرنے سے باز نہیں رکھ سکتی۔
صدر نے انکشاف کیا کہ فائرنگ کے وقت میلانیا ٹرمپ نے فوراً خطرے کو بھانپ لیا تھا، وہ اس وقت شدید صدمے میں ہیں کیونکہ یہ ایک انتہائی خوفناک لمحہ تھا۔
صدر نے بتایا کہ حملہ آور نے سیکیورٹی چیک پوائنٹ پر 50 گز کی دوری سے گولی چلائی جس سے ایک اہلکار زخمی ہوا، تاہم بلٹ پروف جیکٹ نے اس کی جان بچا لی۔ٹرمپ نے گرفتار شوٹر کو "انتہائی بیمار اور پاگل انسان" قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشتبہ شخص کے پاس بہت سے ہتھیار تھے۔
صدر نے واضح کیا کہ امریکہ اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گا اور 30 دن کے اندر اس سے بھی بڑی تقریب منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاسی اختلافات کو ختم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کو ہر قسم کے تشدد سے پاک کیا جا سکے۔
سیکیورٹی ادارے اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا حملہ آور کے ساتھ مزید لوگ بھی اس سازش میں شریک تھے یا نہیں۔