Thu, September 17, 2026

سرمد کھوسٹ کا ایک اور اعزاز: ڈی سی ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول میں بہترین ہدایت کار قرار

سرمد کھوسٹ کا ایک اور اعزاز: ڈی سی ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول میں بہترین ہدایت کار قرار

واشنگتن / لاہور:پاکستانی سینما کے  ہدایت کار سرمد کھوسٹ نے ایک بار پھر بین الاقوامی میدان میں پاکستان کا پرچم بلند کر دیا ہے۔ انہیں ان کی نئی فیچر فلم "لالی" پر15 ویں ڈی سی ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول (DCSAFF)میں بہترین ہدایت کار کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

فیسٹیول انتظامیہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر اس کامیابی کا اعلان کیے جانے کے بعد، سرمد کھوسٹ نے بھی اپنے انسٹاگرام ہینڈل کے ذریعے اس خوشی کو مداحوں اور اپنی پوری ٹیم کے ساتھ شیئر کیا۔
اس فلم کی کہانی سرمد کھوسٹ اور سندس ہاشمی نے مل کر لکھی ہے، جو ایک ایسی نوجوان لڑکی (زیب) کے گرد گھومتی ہے جسے اس کے تین متوقع رشتوں کی پراسرار اموات کے بعد "منحوس دلہن" کا طعنہ دے دیا جاتا ہے۔
 "لالی" رواں سال فروری میں برلینلے فیسٹیول میں نمائش پانے والی پہلی مکمل پاکستانی پروڈیوسڈ فیچر فلم بنی تھی، اور اب ستمبر میں اسے برطانیہ کے سب سے بڑے "70 ویں بی ایف آئی لندن فلم فیسٹیول" کے لیے بھی منتخب کیا گیا ہے۔
سرمد کھوسٹ کے لیے یہ اعزاز کوئی نیا نہیں ہے۔ اس سے قبل وہ اپنی سنسنی خیز اور منفرد فلم "کملی" (2022) پر بھی اسی فیسٹیول میں بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ جیت چکے ہیں۔ ٹیلی ویژن پر لازوال مقبولیت پانے والے ڈرامے "ہمسفر" سے لے کر جرأت مندانہ فلم "زندگی تماشا" تک، سرمد کھوسٹ نے ہمیشہ مشکل موضوعات کو نہایت خوبصورتی اور گہرائی کے ساتھ پردہ سکرین پر پیش کیا ہے۔

ٹیگز: