Wed, September 16, 2026

وائٹ ہاؤس ڈنر میں فائرنگ، سیکریٹ سروس نے صدر ٹرمپ کو بحفاظت نکال لیا

وائٹ ہاؤس ڈنر میں فائرنگ، سیکریٹ سروس نے صدر ٹرمپ کو بحفاظت نکال لیا

واشنگٹن : واشنگٹن کے ہلٹن ہوٹل میں اس وقت افراتفری مچ گئی جب میڈیا نمائندگان کے اعزاز میں منعقدہ عشائیے کے دوران فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ واقعے میں محفوظ رہے جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آور کو موقع سے گرفتار کر لیا۔
تقریب ابھی شروع ہی ہوئی تھی کہ صدر ٹرمپ اور ان کی ترجمان کو ایک مشکوک پرچی دکھائی گئی، جس کے فوراً بعد ہال میں گولیوں کی آواز گونجی۔ عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ ہوتے ہی 2600 سے زائد شرکا میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ اپنی جانیں بچانے کے لیے میزوں کے نیچے چھپ گئے۔ اس دوران سیکریٹ سروس کے اہلکاروں نے صدر ٹرمپ کو حصار میں لے کر فوری طور پر باہر نکال دیا۔
رپورٹ کے مطابق حملہ آور نے بال روم میں سیکیورٹی اہلکار کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔ گرفتار مشتبہ شخص کی شناخت 31 سالہ کول ٹامس کے نام سے ہوئی ہے جو کیلیفورنیا کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ صدر ٹرمپ نے بعد ازاں حملہ آور کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر جاری کی۔
صدر ٹرمپ نے واقعے کو ایک "غیر معمولی شام" قرار دیتے ہوئے سیکیورٹی اداروں کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حملہ آور زندہ اور پولیس کی حراست میں ہے، تاہم سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر پروگرام کو منسوخ کرنا پڑا۔انتظامیہ نے ہوٹل کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ حملے کے اصل محرکات کا پتا لگایا جا سکے۔

ٹیگز: