لاہور :لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کے پہلے گرین پولیسنگ یونٹ کا افتتاح کیا، جس میں پیٹرولنگ کے لیے پہلی مرتبہ ماحول دوست الیکٹرک گاڑی متعارف کرائی گئی ہے۔ یہ گاڑی لاہور میں ٹریفک اور پیٹرولنگ کے فرائض انجام دے گی اور فی چارج تقریباً 410 کلومیٹر تک چل سکتی ہے۔
افتتاح کے موقع پر وزیراعلیٰ نے گاڑی کا معائنہ کیا اور خود ڈرائیو کرتے ہوئے الیکٹرک وہیکل کے جدید فیچرز کا تجربہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ گاڑی 30 سے 80 فیصد چارج تقریباً 30 منٹ میں مکمل کر لیتی ہے اور اس میں سرویلنس کے لیے پی اے سسٹم، پولیس لائٹس، 360 ڈگری کیمرہ اور اسپیڈ ڈیٹیکشن آلات نصب ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت دی کہ گرین پولیسنگ یونٹ کی الیکٹرک گاڑیوں کی تعداد بتدریج بڑھائی جائے اور اسے دیگر اضلاع میں بھی متعارف کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے ایندھن کی بچت ہوگی، آپریشنل لاگت کم ہوگی اور زیرو کاربن اخراج کو یقینی بنایا جا سکے گا، جبکہ صاف ستھری فضا اور جدید گڈ گورننس کے وژن کو فروغ ملے گا۔