وزیرآباد:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیرآباد میں پہلی الیکٹرک بس سروس کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ حیرت کی بات ہے کہ وزیرآباد کو آج تک پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ اب شہریوں کو جدید اور سستی سفری سہولت دستیاب ہوگی۔
وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ جلد ہی گوجرانوالہ میں بھی میٹرو بس سروس کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ شہری اب وزیرآباد سے گوجرانوالہ صرف 20 روپے کرائے میں سفر کر سکیں گے، جب کہ طلبہ، خواتین اور معذور افراد کے لیے یہ سروس مفت فراہم کی جائے گی۔
بعد ازاں، وزیراعلیٰ مریم نواز نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور فلڈ ریلیف کیمپ میں متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے ریسکیو آپریشنز اور دستیاب سہولیات کے بارے میں موقع پر موجود حکام سے تفصیلات لیں۔
وزیراعلیٰ نے متاثرین کو خود کھانا پیش کیا، بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور خواتین و بچوں میں تحائف تقسیم کیے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اس وقت تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا کر رہا ہے، لیکن پاک فوج، ریسکیو 1122، محکمہ صحت اور پولیس بہترین انداز میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔