سرگودھا : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سرگودھا کے عوام کے لیے ایک بڑی خوشخبری دیتے ہوئے شہر میں الیکٹرک بس سروس کا افتتاح کر دیا۔ یہ سروس نہ صرف ماڈرن اور ماحول دوست ہے بلکہ اس میں بزرگ شہریوں، خواتین، خصوصی افراد اور طلبہ کو مکمل مفت سفر کی سہولت دی گئی ہے۔
تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ پاکستان میں ہمیشہ ترقی بڑے شہروں سے شروع ہو کر وہیں ختم ہو جاتی تھی، لیکن اب ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ترقی کا سفر چھوٹے شہروں سے شروع ہوگا اور پورے پنجاب میں پھیلے گا۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سرگودھا جیسے شہر میں جہاں کبھی پبلک ٹرانسپورٹ کا کوئی نظام نہیں تھا، وہاں اب جدید الیکٹرک بسیں چلیں گی۔ بسوں میں خواتین کے لیے الگ حصہ بنایا گیا ہے جس میں CCTV کیمرے بھی نصب ہیں تاکہ خواتین خود کو محفوظ محسوس کریں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے بھیرا سے سرگودھا کا کرایہ 200 روپے تھا، اب یہی سفر صرف 20 روپے میں ممکن ہوگا۔ بزرگوں، خواتین اور طلبہ کو کرایہ دینے کی بھی ضرورت نہیں۔
مریم نواز نے یہ بھی بتایا کہ سرگودھا میں دل کے علاج کا کوئی بڑا اسپتال نہیں تھا، جس پر انہوں نے فوری ایکشن لیتے ہوئے نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی قائم کیا، جو اب کام شروع کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب دل کے مریضوں کو لاہور یا فیصل آباد جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، تمام سہولتیں سرگودھا میں ہی میسر ہوں گی۔
اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ نے حالیہ سیلاب کا بھی ذکر کیا، جس سے پنجاب کے 27 شہر اور 5 ہزار سے زائد دیہات متاثر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت چوکتی تو نقصان بہت زیادہ ہو سکتا تھا، لیکن ہم نے 25 لاکھ سے زائد افراد کو ریسکیو کیا، لاکھوں جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا، اور ہر متاثرہ علاقے میں کھانا، دوا، اور امداد پہنچائی۔
انہوں نے متاثرین کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا:
جن کے گھر مکمل تباہ ہوئے، انہیں 10 لاکھ روپے ملیں گے۔
جزوی نقصان والوں کو 5 لاکھ روپے۔
بڑا جانور بہہ جانے پر 5 لاکھ روپے۔
بکری یا بھیڑ کے نقصان پر 50 ہزار روپے۔
مریم نواز نے یقین دلایا کہ "جب تک آخری متاثرہ خاندان اپنے گھر میں آباد نہیں ہو جاتا، میں چین سے نہیں بیٹھوں گی۔"
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ عوام کو جدید سہولتیں، عزت بھرا سفر اور معیاری علاج ان کے اپنے شہروں میں مہیا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود عوام کی خدمت کے لیے دن رات کام کر رہی ہیں اور یہی پنجاب کا نیا چہرہ ہوگا۔