واشنگٹن: امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے خبردار کیا ہے کہ 23 ستمبر سے ایرانی ایئرلائنز کے عالمی آپریشنز امریکی پابندیوں کی زد میں آ جائیں گے۔
سکاٹ بیسنٹ نے امریکی نشریاتی ادارے سی این بی سی کو انٹرویو میں کہا کہ ایرانی طیاروں کو لینڈنگ کی صورت میں ایندھن اور لینڈنگ سے متعلق خدمات فراہم نہیں کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی ایئرلائنز کو ٹکٹ فروخت کرنے یا دیگر خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو امریکی ڈالر کے مالیاتی نظام سے خارج کیے جانے کا خطرہ ہوگا۔
امریکی وزیر خزانہ کے مطابق یہ اقدامات ایران پر امریکی اقتصادی دباؤ بڑھانے کے لیے پابندیوں کے تحت کیے جا رہے ہیں۔
سکاٹ بیسنٹ اس سے قبل بھی ایران کے خلاف فیصلہ کن اقتصادی اقدامات اور تہران کے معاشی مقاطعے کا عندیہ دے چکے ہیں۔
سکاٹ بیسنٹ کے تازہ بیانات چین کے نائب وزیراعظم ہی لیفینگ کے ساتھ اقتصادی مذاکرات کے ایک روز بعد سامنے آئے ہیں۔