Mon, September 21, 2026

پاک امریکہ تعلقات اور امکانات کے نئے دریچے 

پاک امریکہ تعلقات اور امکانات کے نئے دریچے 

مثبت سفارت کاری کسی بھی ملک کی خارجہ پالیسی کو محض تعلقات کے دائرے تک محدود نہیں رکھتی بلکہ اسے معاشی ترقی، سیاسی استحکام اور عالمی اعتماد کا موثر ذریعہ بنا دیتی ہے۔ جب ریاستیں تصادم کے بجائے مکالمے، الزام تراشی کے بجائے مفاہمت اور وقتی مفادات کے بجائے باہمی تعاون کو ترجیح دیتی ہیں تو تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، توانائی اور دفاع سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات پیدا ہوتے ہیں۔ امریکہ اور پاکستان کی سفارتی راہداریوں میں ان دنوں پاک امریکہ تعلقات کا ایک نیا باب رقم ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ یہ باب ماضی کے یک طرفہ یا وقتی مفادات کے بجائے تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، توانائی، معدنیات، سلامتی اور علاقائی استحکام جیسے باہمی مفادات کے وسیع تر دائرے پر استوار ہے۔ اگرچہ دونوں ممالک کے تعلقات کی تاریخ میں اتار چڑھا¶ کوئی نئی بات نہیں تاہم موجودہ منظرنامے میں اقتصادی اور تزویراتی تعاون کو ایک دوسرے سے جدا نہیں کیا جا سکتا۔ اسی تناظر میں تازہ امریکی تجارتی اعداد و شمار اس بدلتی سمت کی واضح تصویر پیش کرتے ہیں۔ امریکی تجارتی نمائندے کے مطابق 2025 میں امریکہ اور پاکستان کے درمیان اشیاءو خدمات کی مجموعی تجارت تقریباً 11.5 ارب ڈالر رہی، جو 2024 کے مقابلے میں 14 فیصد زیادہ ہے۔ اشیاءکی تجارت تقریباً 8.5 ارب ڈالر جبکہ خدمات کی تجارت 2.9 ارب ڈالر رہی۔ امریکی درآمدات میں پاکستان سے آنے والی اشیاءکا حجم 5.4 ارب ڈالر تک پہنچا۔یہ اعداد محض تجارتی جدول کی چند سطریں نہیں بلکہ اس امر کا اشارہ ہیں کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان اقتصادی تعلقات میں وسعت کی گنجائش موجود ہے۔ پاکستان کی بڑی آبادی، وسیع صارف منڈی اور جنوبی و وسطی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور بحر ہند کے درمیان جغرافیائی محلِ وقوع اسے سرمایہ کاری اور علاقائی سپلائی چینز کے لیے اہم بنا سکتے ہیں۔ تاہم اس صلاحیت کو حقیقت میں بدلنے کے لیے پالیسی تسلسل، کاروباری سہولت، شفاف ضابطہ کاری اور برآمدی مسابقت میں اضافہ بنیادی شرائط ہوں گی۔
اس نئی شراکت داری کا ایک اہم ستون ڈیجیٹل معیشت ہے۔ پاکستان کی نوجوان آبادی نے آئی ٹی، سافٹ ویئر، فری لانسنگ اور ڈیجیٹل خدمات میں اپنی صلاحیت کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 2025 میں پاکستان کی ICT خدمات کی برآمدات 18.3 فیصد بڑھ کر 3.8 ارب ڈالر ہوئیں۔ یہ شعبہ دونوں ممالک کے درمیان محض خدمات کی تجارت تک محدود نہیں ہے بلکہ امریکی کمپنیوں کے لیے پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیوں، اسٹارٹ اپس، مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی اور سافٹ ویئر انجینئرنگ میں شراکت کے امکانات بھی پیدا کرتا ہے۔ اسی طرح دوسرا نمایاں میدان اہم معدنیات اور قدرتی وسائل ہیں۔ دنیا اس وقت ایسی سپلائی چینز کی تلاش میں ہے جو چند ممالک پر حد سے زیادہ انحصار کے بجائے زیادہ متنوع اور لچک دار ہوں۔ فروری 2026 میں امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر نے اہم معدنیات کی تجارت اور سپلائی چینز کی مضبوطی کے لیے کثیر ملکی معاہدے کے ڈیزائن پر عوامی آرا طلب کیں۔ اس تناظر میں پاکستان کے معدنی وسائل اہم اقتصادی امکانات پیدا کرتے ہیں۔ لیکن اصل کامیابی صرف خام معدنیات کی برآمد میں نہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی، معدنی پراسیسنگ، ویلیو ایڈیشن اور مقامی صنعت کے قیام میں ہوگی۔ یہی وہ مقام ہے جہاں امریکی سرمایہ اور پاکستانی وسائل ایک دوسرے کے لیے تکمیلی قوت بن سکتے ہیں۔پاک امریکہ تعلقات کا دوسرا بنیادی ستون سلامتی اور انسداد دہشت گردی ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف طویل جدوجہد میں غیر معمولی انسانی اور معاشی نقصان برداشت کیا ہے۔ وزارت خارجہ کے اگست 2026 کے بیان کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار سے زائد پاکستانی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں جبکہ معاشی نقصان 150 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے۔
اسی پس منظر میں اگست 2026 میں واشنگٹن میں ہونے والا چوتھا پاک امریکہ انسداد دہشت گردی مکالمہ خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ دونوں ممالک نے سرحدی سلامتی بہتر بنانے، دہشت گردی کے سہولت کار نیٹ ورکس کو روکنے اور داعش خراسان، القاعدہ، ٹی ٹی پی اور بی ایل اے سمیت دہشت گرد تنظیموں کے خلاف تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اس پیش رفت سے واضح ہوتا ہے کہ سلامتی کا تعاون اب وسیع تر علاقائی امن اور استحکام کے فریم ورک میں دیکھا جا رہا ہے۔ سفارتی سطح پر بھی 2026 میں روابط میں تسلسل دکھائی دیتا ہے۔ 29 مئی 2026 کو نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان واشنگٹن میں ملاقات ہوئی جس میں دونوں جانب سے اقتصادی و تجارتی تعلقات، ثقافتی تعاون اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں شراکت داری مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان کی علاقائی سفارتی اور مصالحتی کوششوں کو بھی سراہا۔
یہ تمام پیش رفت اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ پاک امریکہ تعلقات کا دائرہ اب کسی ایک مسئلے، ایک جنگ یا ایک علاقائی ضرورت تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔ تجارت، آئی ٹی، معدنیات، توانائی، تعلیم، سرمایہ کاری، دفاعی و سلامتی تعاون اور عوامی روابط وہ شعبے ہیں جہاں مستقل بنیادوں پر باہمی مفادات پیدا کیے جا سکتے ہیں۔تاہم نئی شراکت داری کی اصل آزمائش یہی ہے کہ اسے بیانات اور سفارتی ملاقاتوں سے آگے بڑھا کر عملی اقتصادی نتائج میں تبدیل کیا جائے۔ پاکستان کو اپنی برآمدی بنیاد وسیع کرنا، ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری بڑھانا، معدنی وسائل کو ویلیو ایڈ کرنا، کاروباری ماحول بہتر بنانا اور انسانی سرمایہ تیار کرنا ہوگا۔ دوسری جانب امریکی سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی پاکستان کی صنعتی و ڈیجیٹل استعداد میں اضافہ کر سکتی ہے۔ المختصر! یہی بدلتا ہوا منظرنامہ پاکستان کے لیے ایک واضح پیغام رکھتا ہے کہ سفارت کاری اب صرف مذاکرات کی میز پر نہیں بلکہ مارکیٹ، ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری، معدنیات اور انسانی صلاحیت کے میدان میں بھی لڑی اور جیتی جاتی ہے۔ پاکستان کے پاس وسائل بھی ہیں، جغرافیہ بھی، نوجوان افرادی قوت بھی اور سفارتی تجربہ بھی۔ ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ان تمام قوتوں کو ایک مربوط قومی اقتصادی و سفارتی حکمتِ عملی میں ڈھال دیا جائے۔

ٹیگز: