Mon, September 21, 2026

 کوہاٹ میں شہداء کو خراجِ عقیدت ، دہشت گرد قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے: عطا تارڑ

 کوہاٹ میں شہداء کو خراجِ عقیدت ، دہشت گرد قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے: عطا تارڑ

کوہاٹ: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج اور پولیس کے جوانوں نے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا، شہداء کی قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور دہشت گرد اس قوم کے جذبے کو کم نہیں کرسکتے۔

 کوہاٹ میں گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ آج کوہاٹ کی فضا سوگوار ہے، دھرتی کے بہادر جوانوں نے ملکی دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ سی ایم ایچ میں زیر علاج زخمی جوانوں کا جذبہ بھی دیدنی ہے۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ بزدل دہشت گرد چھپ کر وار کررہے ہیں، تاہم حکومت اور قوم دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سب مل کر دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کریں گے۔

 عطا تارڑ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کوہاٹ کے افسوسناک واقعے کے وقت وزیراعلیٰ کہاں تھے۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے لاہور میں موجود تھے، جبکہ خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے وقت نہیں نکال رہے۔

 انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو تعلیم، صحت اور عوامی فلاح کے حوالے سے اپنے ساڑھے 12 سالہ دور کا جواب دینا ہوگا۔ عطا تارڑ کے مطابق خیبرپختونخوا میں پولیس کی سہولت کے لیے فرانزک لیب تک موجود نہیں، جبکہ وسائل اور فنڈز کی کمی نہیں بلکہ نیت کی کمی ہے۔

 وفاقی وزیر نے صوبے میں کرپشن کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ من پسند افراد کو ٹھیکے دے کر پیسے وصول کیے جاتے ہیں اور کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کیے جارہے ہیں۔

 اسلام آباد میں احتجاج کے حوالے سے عطا تارڑ نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کو بند کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی اور کسی مسلح جتھے کو اسلام آباد کی طرف آنے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جلاؤ گھیراؤ کو پرامن احتجاج نہیں کہا جاسکتا۔

 عطا تارڑ نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو کوہاٹ آکر زخمی جوانوں سے ملاقات کرنی اور انہیں گلے لگانا چاہیے تھا۔ اگر وہ کچھ نہیں کرسکتے تو گھر چلے جائیں۔

ٹیگز: