Wed, September 16, 2026

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا یوم شہداء کشمیر کے موقع پر کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا یوم شہداء کشمیر کے موقع پر کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یوم شہداء کشمیر کے موقع پر کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں نے ہمیشہ ظلم کے خلاف آواز اٹھائی ہے اور ان کے حوصلے کبھی ٹوٹے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 13 جولائی 1931ء کے شہداء سمیت ہر کشمیری شہید کو سلام پیش کرتی ہوں، جو حق کے لیے لڑے اور قربان ہوئے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ "کشمیر کے شہداء نے 1931 میں ڈوگرہ راج کے ظلم کے خلاف آواز بلند کی تھی، اور آج بھی بھارتی قابض فوج وہی مظالم دہرا رہی ہے۔ لیکن کشمیریوں کے حوصلے کو کبھی شکست نہیں ہوئی، چاہے وہ ڈوگرہ راج ہو یا موجودہ بھارتی فوج۔"

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کشمیر کے شہداء کی قربانیاں ثابت کرتی ہیں کہ ظلم و جبر کے باوجود کشمیریوں کا حوصلہ کبھی نہیں ٹوٹا۔ "کشمیر کی مٹی میں حریت، وفا اور قربانی کی خوشبو بس رہی ہے۔" مریم نواز نے اس دن کو صرف ایک یادگاری دن نہیں بلکہ اقوام متحدہ اور پوری امت مسلمہ کے ضمیر کو جاگانے کی آواز قرار دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے امریکی صدر ٹرمپ کے کشمیر کے حل کے حوالے سے حالیہ بیان کو سراہا اور کہا کہ پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ "کشمیری شہداء نے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ کوئی طاقت، کوئی ظلم ان کو غلام نہیں بنا سکتا۔"

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی قوم کشمیریوں کے دکھ درد کو اپنا سمجھتی ہے اور ان کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ہر پاکستانی کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

ٹیگز: