جاپان : ایشین گیمز 2026 میں پاکستان کے لیے پہلا میڈل مکسڈ مارشل آرٹس کے میدان سے آیا ہے، جہاں کراچی کے عاصم خان نے کانسی کا تمغہ حاصل کرلیا۔
عاصم خان کو سیمی فائنل مقابلے میں شکست ہوئی، تاہم ایونٹ کے قوانین کے مطابق سیمی فائنل میں ناکام رہنے والے کھلاڑی کو برانز میڈل دیا جاتا ہے۔ عاصم خان کا تمغہ کل ہونے والی تقریب میں انہیں پیش کیا جائے گا۔
گیمز میں عاصم خان کے ساتھ ٹیم لیڈر کی حیثیت سے موجود دلاور خان نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ پاکستانی کھلاڑی نے ایشین گیمز میں ملک کے لیے پہلا میڈل حاصل کرکے تمغوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دیگر ایونٹس میں شریک پاکستانی ایتھلیٹس سے بھی مزید تمغوں کی توقع ہے۔
دلاور خان نے بتایا کہ عاصم خان کے کیریئر کا یہ ایشین گیمز میں پہلا تمغہ ہے۔ وہ اس سے قبل ورلڈ چیمپئن شپ میں برانز اور ایشین سطح پر سلور میڈل حاصل کرچکے ہیں۔ عاصم خان بدھ کے روز کراچی پہنچیں گے۔
دیگر مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی
دوسری جانب ایشین گیمز کے دیگر مقابلوں میں پاکستانی ایتھلیٹس کو مشکلات کا سامنا رہا۔
سوئمنگ کے 50 میٹر فری سٹائل ایونٹ میں حمزہ آصف نے اپنی ہیٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کی، تاہم تمام ہیٹس کے مجموعی نتائج کے بعد وہ 30ویں نمبر پر رہے۔
ٹرائی تھلون کے مکسڈ فائنل میں پاکستان کی ٹیم بھی مطلوبہ نتیجہ حاصل نہ کرسکی۔ ثنا عارف، عنیشہ اور مستغیث نور نے بالترتیب 300 میٹر تیراکی، 7 کلومیٹر سائیکلنگ اور 2 کلومیٹر رننگ کے مراحل مکمل کیے، لیکن علی حسن مقررہ وقت کے اندر ریس مکمل نہ کر سکے۔ اس کے نتیجے میں پاکستان کا فائنل رزلٹ این ڈی ایف قرار پایا۔
پاکستان کے کوچ عبدالغفار گجر نے ایتھلیٹس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مجموعی رینکنگ میں پاکستان نے 14ویں پوزیشن حاصل کی۔
سوفٹ ٹینس کے مکسڈ ڈبلز میں پاکستانی کھلاڑیوں کو چائنیز تائی پے، کوریا اور فلپائن کے خلاف شکستوں کا سامنا کرنا پڑا۔
ٹیبل ٹینس کے ویمنز ٹیم ایونٹ میں بھی پاکستان کو گروپ مرحلے کے میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی۔