Sun, September 20, 2026

فراری کی نئی 296 GT Modificata متعارف، 720 ہارس پاور کے ساتھ ٹریک پر دوڑنے کے لیے تیار

فراری کی نئی 296 GT Modificata متعارف، 720 ہارس پاور کے ساتھ ٹریک پر دوڑنے کے لیے تیار

 اٹلی: معروف اطالوی کمپنی فراری نے اپنی نئی ٹریک سپیشل گاڑی 296 GT Modificata پیش کردی، جو ریس ٹریک پر ڈرائیونگ کے لیے تیار کی گئی ہے، تاہم اسے باقاعدہ ریسنگ مقابلوں میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔

نئی گاڑی کو 296 GT3 Evo کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے، لیکن ریسنگ قوانین کی پابندی نہ ہونے کے باعث اس میں اضافی طاقت اور جدید تکنیکی خصوصیات شامل کی گئی ہیں۔ گاڑی میں 3.0 لیٹر ٹوئن ٹربو V6 انجن نصب ہے جو 720 ہارس پاور اور 590 پاؤنڈ فٹ ٹارک پیدا کرتا ہے۔

فراری نے انجن کے علاوہ ٹربو چارجرز، گیئر باکس، کولنگ سسٹم اور ایروڈائنامکس میں بھی نمایاں تبدیلیاں کی ہیں، جس سے گاڑی کی کارکردگی اور ٹریک پر توازن بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔

296 GT Modificata میں ڈرائیور کے ساتھ ایک اضافی نشست بھی دی گئی ہے، جسے مسافر یا ڈرائیونگ انسٹرکٹر استعمال کرسکتا ہے۔ گاڑی میں انٹرکام، کیمرہ سسٹم اور ٹائر، بریک اور گاڑی کی کارکردگی سے متعلق ڈیٹا ریکارڈ کرنے والی جدید ٹیکنالوجی بھی شامل ہے۔

فراری کے مطابق یہ گاڑی کمپنی کے Fiorano Circuit پر 296 GT3 Evo کے مقابلے میں تقریباً تین سیکنڈ تیز لیپ مکمل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

گاڑی کے خریداروں کو دو سال یا 12 راؤنڈز کے لیے Club Competizioni GT پروگرام میں شرکت کا موقع بھی ملے گا، جس کے تحت دنیا کے مختلف ٹریکس پر ڈرائیونگ کے ساتھ تکنیکی معاونت اور انسٹرکٹر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

فراری نے فی الحال 296 GT Modificata کی قیمت کا اعلان نہیں کیا، تاہم اس کی قیمت 296 GT3 Evo سے زیادہ ہونے کی توقع ہے۔

ٹیگز: