نارووال: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو فساد اور لانگ مارچ کی نہیں بلکہ اتحاد، امن اور استحکام کی ضرورت ہے۔ نارووال میں ٹیکنیکل کالج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سرمایہ کار اسی ملک کا رخ کرتے ہیں جہاں امن و استحکام ہو۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اگر کسی ملک کی ٹی وی سکرینز پر مارا ماری کے مناظر چل رہے ہوں تو بین الاقوامی سرمایہ کار وہاں سرمایہ کاری کے لیے کیسے آسکتے ہیں؟ ان کے مطابق معاشی ترقی کے لیے امن اور استحکام بنیادی ضرورت ہیں۔
وفاقی وزیر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے امن، استحکام اور اتحاد کی آواز بنیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی پاکستان کے لوگوں کو آپس میں لڑانا چاہتا ہے تو ایسی آوازوں کو مسترد کیا جائے۔
احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کا مشن پاکستان کو دنیا کی بہترین معیشت بنانا ہے۔ نوجوانوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ انہیں مرغیاں، کٹے، کٹیاں اور انڈے دینے کے بجائے تعلیم اور ہنر فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ اور ہنرمند نوجوان اپنے لیے روزگار اور سرمایہ پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یہی نوجوان مستقبل میں پاکستان کا سرمایہ افتخار اور ملک کی پہچان بنیں گے۔