کراچی : صرف 15 سال کی عمر میں بصارت سے محروم فواد عالم نے اپنی سریلی آواز اور موسیقی کی صلاحیت سے پاکستان بھر کے ناظرین کو متاثر کرتے ہوئے پاکستانز گاٹ ٹیلنٹ کے پہلے سیزن کا ٹائٹل حاصل کرلیا۔
شو کے گرینڈ فائنل میں فواد عالم کو عوام کی جانب سے سب سے زیادہ ووٹ ملے، جس کے نتیجے میں وہ پروگرام کے پہلے تاریخی فاتح قرار پائے۔ کامیابی کے بعد انہیں ٹرافی کے ساتھ نئی گاڑی بھی انعام میں دی گئی۔
چھٹی جماعت کے طالب علم فواد نے مقابلے کے آغاز ہی سے اپنی پرفارمنس کے ذریعے ناظرین کی توجہ حاصل کی۔ موسیقی سے ان کا شوق اور اسٹیج پر اعتماد انہیں مقابلے کے مختلف راؤنڈز سے گزارتا ہوا فائنل تک لے گیا۔
فواد نے درجنوں دیگر امیدواروں کے درمیان اپنی جگہ بناتے ہوئے بالآخر کامیابی حاصل کی۔ ان کی یہ جیت اس بات کی مثال بن گئی کہ عزم، محنت اور صلاحیت کے سامنے جسمانی مشکلات حائل نہیں ہوسکتیں۔
فواد عالم کی کامیابی نے خصوصی صلاحیتوں کے حامل بچوں اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں سامنے لانے اور اپنے خوابوں کے حصول کے لیے آگے بڑھنے کا حوصلہ بھی دیا ہے۔