Wed, September 16, 2026

برطانیہ کا گلوبل ٹیلنٹ ویزا فیس ختم کرنے پر غور، ہنر مند افراد کو متوجہ کرنے کی نئی حکمت عملی

برطانیہ کا گلوبل ٹیلنٹ ویزا فیس ختم کرنے پر غور، ہنر مند افراد کو متوجہ کرنے کی نئی حکمت عملی

لندن:برطانوی حکومت گلوبل ٹیلنٹ ویزا کی فیس مکمل طور پر ختم کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے، تاکہ دنیا بھر سے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ہنر مند افراد کو ملک میں لایا جا سکے۔

فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم سر کیئر سٹارمر کی زیر قیادت قائم گلوبل ٹیلنٹ ٹاسک فورس ایسے اقدامات پر کام کر رہی ہے جن کے تحت سائنسدانوں، تعلیمی ماہرین اور ڈیجیٹل پروفیشنلز کو برطانیہ میں کام کے بہتر مواقع فراہم کیے جائیں۔

منصوبے کے تحت ان افراد کو ویزا فیس سے استثنیٰ دیا جا سکتا ہے جنہوں نے دنیا کی ٹاپ 5 یونیورسٹیوں سے تعلیم حاصل کی ہو یا انہیں عالمی سطح پر تسلیم شدہ اعزاز حاصل ہو۔

یہ پیش رفت ایسے وقت پر سامنے آئی ہے جب امریکہ نے اپنی نئی H-1B ویزا پالیسی کے تحت درخواست فیس میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس سے برطانیہ کو باصلاحیت افراد کے لیے ایک بہتر متبادل کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔

فی الحال برطانیہ میں گلوبل ٹیلنٹ ویزا کے لیے فی درخواست دہندہ 766 پاؤنڈ فیس مقرر ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 3 لاکھ روپے بنتی ہے۔ شریکِ حیات اور بچوں کے لیے بھی یہی فیس لاگو ہوتی ہے، جس سے ایک خاندان کے لیے مجموعی اخراجات 12 لاکھ روپے تک جا سکتے ہیں۔

برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ ویزا فیس ختم کرنے کا یہ اقدام آئندہ بجٹ (26 نومبر) کا حصہ ہو سکتا ہے، تاکہ برطانیہ کو عالمی ٹیلنٹ کے لیے زیادہ پرکشش بنایا جا سکے اور معیشت کو نئی رفتار دی جا سکے۔

ٹیگز: