Thu, September 17, 2026

شاہینوں نے دشمن کی فضائی طاقت کا غرور توڑ دی: وزیراعظم شہباز شریف

شاہینوں نے دشمن کی فضائی طاقت کا غرور توڑ دی: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں یومِ تشکر کی تقریب جاری ہے، جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک فضائیہ کے جوانوں نے دشمن کے چھ طیارے مار گرائے اور اس کے جنگی عزائم کو ناکام بنا دیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے جانبازوں نے دشمن کے جدید رافیل طیارے کو بھی ناکارہ بنا کر تاریخ رقم کی۔

اس تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، اعلیٰ حکام اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا:"ہم ان شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ دیا۔ اللہ کا شکر ہے کہ اُس کی مدد، قوم کی دعاؤں اور افواج کے جذبے سے ہمیں بڑی کامیابی نصیب ہوئی۔"

وزیراعظم نے بتایا کہ 9 اور 10 مئی کی درمیانی رات بھارت نے بیلسٹک میزائل داغے، جس کے بعد حکومت اور عسکری قیادت نے فوری فیصلے کیے۔
انہوں نے کہا:"ہم نے عزم کیا کہ دشمن کو ایسا دندان شکن جواب دیا جائے جو ہمیشہ یاد رکھے۔ 10 مئی کی صبح، پاکستان نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو حیران کر دیا۔"

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، لیکن اگر کوئی جارحیت کرے گا تو اسے جواب ضرور ملے گا۔ ان کا کہنا تھا:

"مسائل کا حل صرف بات چیت سے ممکن ہے۔ خطے میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ناگزیر ہے۔"


شہباز شریف نے کہا کہ کشیدہ صورتحال کے دوران دوست ممالک کے تعاون پر قوم ان کی شکر گزار ہے۔
انہوں نے اعتراف کیا:"صدر ٹرمپ نے امن کیلئے مثبت کردار ادا کیا، جسے پاکستان قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔"

وزیراعظم نے کہا کہ:"یہ ملک قربانیوں سے حاصل ہوا ہے، ہمیں باہمی اتحاد اور بھائی چارے کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔ پاکستان کے پاس بے شمار وسائل ہیں، ہمیں صرف نیت، محنت اور اتحاد کے ساتھ کام کرنا ہے تاکہ ملک کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کریں۔"

ٹیگز: