Wed, September 16, 2026

پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا یومِ فضائیہ پر پیغام

پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا یومِ فضائیہ پر پیغام

اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یومِ فضائیہ کے موقع پر کہا ہے کہ 7 ستمبر 1965 کو ہمارے پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے غرور کو ہوا میں بکھیر کر تاریخ کا سنہری باب رقم کیا۔

انہوں نے کہا کہ 1965 کے ان بہادر شہداء کو سلام جنہوں نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر فضائی حدود کی حفاظت کی اور دشمن کی بڑی تعداد کو اپنی جرات، ہنر اور پختہ یقین کے ذریعے شکست دی۔

وزیر داخلہ نے سکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم کو خاص طور پر یاد کیا، جنہوں نے چند لمحوں میں دشمن کے پانچ جنگی طیارے تباہ کر کے دنیا کو حیران کر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ 60 سال بعد بھی، یعنی مئی 2025 میں، پاکستان نے دشمن کے غرور کو دوبارہ خاک میں ملایا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے چھ جنگی طیارے مار کر ایک تاریخی کارنامہ انجام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پائلٹ، انجینئرز اور ٹیکنیشنز قوم کے سب سے قیمتی اثاثے ہیں، جو ملک کی حفاظت کے لیے دن رات محنت کرتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ان بہادر شہداء کی قربانیاں اور حوصلہ ہر پاکستانی کے لیے فخر کا باعث ہیں اور انہی کی بدولت ہماری فضائیں محفوظ ہیں۔ پاک فضائیہ کی خدمات اور قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

ٹیگز: