Wed, September 16, 2026

بھارت کے پانی پر غرور کو خاک میں ملا دیں گے، شہباز شریف

بھارت کے پانی پر غرور کو خاک میں ملا دیں گے، شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کو حالیہ جنگ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، اور اب وہ سندھ طاس معاہدے کو ہتھیار بنا کر پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کے پانی پر غرور کو خاک میں ملا دیں گے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت آبی ذخائر سے متعلق اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کی پانی روکنے کی دھمکیوں کو دنیا نے سنجیدہ نہیں لیا، اور اسے یکسر مسترد کر دیا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبے مل کر قوم کے روشن مستقبل کے لیے فیصلے کر رہے ہیں، اور ایسے اقدامات کیے جائیں گے جن پر آنے والی نسلیں فخر کریں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی کھلی خلاف ورزی کی ہے، اور وہ مسلسل پاکستان کے خلاف آبی جارحیت کے بیانات دے رہا ہے۔ لیکن ہم سب مل کر اس کے اس رویے کو ناکام بنائیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اگر ہم نے آج آبی وسائل کے تحفظ کے لیے فیصلے نہ کیے تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔ زندہ قومیں صرف حال نہیں، مستقبل کو بھی سوچتی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ 24 اپریل کو قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ ہوا تھا کہ بھارت کی آبی دھمکیوں کا سخت جواب دیا جائے گا۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ 24 کروڑ پاکستانی اپنی فوج کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔

ٹیگز: