Wed, September 16, 2026

دفاعِ وطن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، دشمن کو ہر مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا: وزیرِ اعظم شہباز شریف

دفاعِ وطن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، دشمن کو ہر مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا: وزیرِ اعظم شہباز شریف

کوئٹہ: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے کسی بھی جارحیت کا ہر قیمت پر مقابلہ کرے گا اور ملکی امن کو سبوتاژ کرنے والی دہشت گرد پراکسیز کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج، کوئٹہ کے اہم دورے کے موقع پر فیکلٹی اور زیرِ تربیت افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس اعلیٰ سطحی دورے میں وفاقی وزرائے دفاع، داخلہ، اطلاعات اور وزیرِ اعلیٰ بلوچستان بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔
وزیرِ اعظم نے اپنے خطاب میں 'مارکۂ حق' کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کمان میں مسلح افواج کی تاریخی کامیابی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی بلااشتعال اور متکبرانہ جارحیت کے سامنے پاکستان نے جس ذمہ دارانہ طرزِ عمل اور کشیدگی کم کرنے کی حکمتِ عملی کا مظاہرہ کیا، اسے عالمی برادری نے بھی تسلیم کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے، کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینے کے لیے افواجِ پاکستان کی آپریشنل تیاری مکمل ہے۔
ملکی سلامتی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے اعلان کیا کہ افغان طالبان سے وابستہ دہشت گرد پراکسیز کے خلاف معصوم شہریوں کے تحفظ کے لیے شروع کیا گیا "آپریشن غضبُ اللّٰہ" اپنے پورے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔
    وزیرا عظم کاکہنا تھا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں، ان کی پناہ گاہوں اور انہیں سہولت کاری فراہم کرنے والے پورے نیٹ ورک کو تباہ کرنے تک یہ آپریشن پوری قوت سے جاری رہے گا۔تقریب میں موجود دوست ممالک کے عسکری افسران سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے عسکری سفارت کاری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے بطور "نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر"  اپنا کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔
دورے کے اختتام پر وزیرِ اعظم نے مادرِ وطن کی خاطر جانیں قربان کرنے والے شہداء کو سلام پیش کیا اور جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔

ٹیگز: