اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں کرکٹ اور فٹبال کے 10، 10 میدانوں کی نیلامی وقتی طور پر روک دی ہے۔ یہ فیصلہ سابق چیئرمین میٹروپولیٹن کارپوریشن سردار مہتاب کی درخواست پر سنایا گیا۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ یہ میدان عوام، خاص طور پر نوجوانوں کے کھیلنے کے لیے ہیں، انہیں سی ڈی اے (کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) کسی صورت بھاری قیمت پر نیلام نہیں کر سکتی۔
عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد سی ڈی اے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کر لیا ہے۔
خیال رہے کہ سی ڈی اے نے ان گراؤنڈز کی نیلامی کا اشتہار دیا تھا، جن کی ابتدائی قیمت 50، 50 لاکھ روپے رکھی گئی تھی، جس پر شہریوں نے بھی سخت تشویش کا اظہار کیا تھا۔