Wed, September 16, 2026

عالمی ادارے 'فچ' نے معاشی مستقبل مستحکم قرار دے دیا

عالمی ادارے 'فچ' نے معاشی مستقبل مستحکم قرار دے دیا

کراچی: عالمی درجہ بندی کے ادارے فچ ریٹنگز (Fitch Ratings) نے پاکستان کی معاشی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ملکی ریٹنگ کو 'B-' اور آؤٹ لک کو 'مستحکم' قرار دیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے میں کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ آئی ایم ایف کے ساتھ حالیہ معاہدے نے معیشت کو درست سمت فراہم کی ہے۔ توقع ظاہر کی گئی ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (IMF) کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو جلد ہی 1.2 ارب ڈالر کی قسط موصول ہو جائے گی۔
 آئندہ مالی سال کے دوران ملکی مجموعی قومی پیداوار (GDP) 3.1 فیصد تک رہنے کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ فچ کے مطابق اگلے مالی سال میں مہنگائی کی شرح کم ہو کر 7.9 فیصد تک آنے کا امکان ہے۔ بیرونی ادائیگیوں کے بھاری بوجھ (تقریباً 12.8 ارب ڈالر) کے باوجود پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر مستحکم رہیں گے۔
 کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کے محض 1.1 فیصد تک محدود رہنے کی توقع ہے۔رپورٹ میں متنبہ کیا گیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور علاقائی کشیدگی کے باعث پاکستان کو توانائی کے شعبے میں سپلائی اور قیمتوں کے حوالے سے خطرات درپیش ہو سکتے ہیں۔ تاہم، پالیسی ریٹ میں کمی سے مقامی کاروباری اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے جو معیشت کے لیے مثبت ہے۔

ٹیگز: