استنبول: ترکیہ کے مغربی علاقے بالیق اسیر میں ہفتے کی صبح 6.1 شدت کے زلزلے نے زمین ہلا دی، جب کہ متعدد شہروں میں جھٹکوں نے شہریوں کو گھروں سے باہر نکلنے پر مجبور کر دیا۔
جرمن جیوسائنس انسٹیٹیوٹ کے مطابق زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر زیرِ زمین ریکارڈ کی گئی۔ ابتدائی جھٹکوں کے بعد 4.6 اور 4.1 شدت کے آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے، جنہوں نے عوامی بےچینی میں اضافہ کر دیا۔
وزیر داخلہ علی یرلیکایا کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز سیندیرگی ضلع تھا، اور جھٹکوں کا دائرہ استنبول سمیت کئی قریبی علاقوں تک پھیل گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ایمرجنسی ادارے اور امدادی ٹیمیں متحرک ہو چکی ہیں اور متاثرہ مقامات پر ابتدائی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی تباہی یا نقصان کی تصدیق کی جا سکے۔
ان کا کہنا تھا: "ہم لمحہ بہ لمحہ صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔"