Wed, September 16, 2026

ملک بھر میں زلزلے کے جھٹکے، عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا

ملک بھر میں زلزلے کے جھٹکے، عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا

راولپنڈی: جمعرات کی شام ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہری خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9 اور گہرائی 111 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ مرکز افغانستان کے ہندوکش پہاڑی سلسلے میں واقع تھا۔

زلزلے کے جھٹکے راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، پشاور، سوات، مالاکنڈ، چترال، ایبٹ آباد، بالاکوٹ، ہری پور، جنڈ، مردان، نوشہرہ، باجوڑ، مہمند، کوہاٹ، لوئر دیر اور گردونواح میں محسوس کیے گئے۔ متعدد علاقوں میں لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے کھلی جگہوں کی طرف نکل گئے۔

ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا کے ترجمان بلال احمد فیضی کے مطابق، زلزلے کے بعد تمام ریسکیو ٹیموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے، تاہم تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ریسکیو کنٹرول روم کو کوئی ایمرجنسی کال موصول نہیں ہوئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ہندوکش کے پہاڑی علاقے میں زلزلے اکثر آتے رہتے ہیں، اور ان کا اثر پاکستان کے شمالی اور وسطی حصوں میں واضح محسوس کیا جاتا ہے۔

ٹیگز: