لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 10 کے 18ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو 10 وکٹوں سے شکت دے کر ایک شاندار اور تاریخی فتح حاصل کی۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں گلیڈی ایٹرز نے ملتان کی طرف سے دیا گیا 90 رنز کا ہدف صرف 8.1 اوورز میں پورا کر لیا۔
گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز فن ایلن اور سعود شکیل نے انتہائی اعتماد کے ساتھ کھیلتے ہوئے اس ہدف کو بخوبی حاصل کیا۔ فن ایلن نے صرف 21 گیندوں پر 45 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، جبکہ سعود شکیل نے 20 گیندوں پر 42 رنز بنائے۔ دونوں کھلاڑیوں نے بغیر کسی نقصان کے ہدف کو پورا کیا، اور گلیڈی ایٹرز کو ایک یادگار فتح دلائی۔
ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا، مگر ان کا آغاز خاصا مایوس کن رہا۔ خُرم شہزاد کی شاندار بولنگ کے باعث ملتان کے ابتدائی کھلاڑی جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے اپنے اسپیل میں 4 وکٹیں حاصل کیں اور ملتان کی بیٹنگ لائن کو توڑ کر رکھ دیا۔ یاسر خان (5)، عثمان خان (0)، کامران غلام (3) اور کرٹس کیمفر (4) جلد ہی آؤٹ ہو گئے۔
کپتان محمد رضوان نے واحد مزاحمت کرتے ہوئے 44 رنز کی اننگز کھیلی، لیکن وہ اکیلے ہی ملتان کی جانب سے مقابلہ نہیں کر پائے۔ فہیم اشرف نے دو وکٹیں حاصل کیں، جب کہ محمد وسیم جونیئر نے بھی دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس کے علاوہ، عثمان میر اور محمد حسنین رن آؤٹ ہوئے اور پوری ٹیم 89 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
جواب میں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز نے شاندار بیٹنگ کی۔ خاص طور پر فن ایلن نے ڈیوڈ ویلی کو دوسرے اوور میں چھکے اور چوکے مار کر ٹیم کو تیز آغاز دیا۔ پاور پلے کے اختتام تک کوئٹہ کا اسکور بغیر کسی نقصان کے 74 رنز تھا۔
یہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 10 وکٹوں سے فتح تھی، جس سے ان کی پوزیشن مزید مستحکم ہو گئی۔ اس جیت کے ساتھ کوئٹہ نے اپنی چوتھی فتح حاصل کی اور پوائنٹس ٹیبل پر اہم قدم بڑھایا۔