Wed, September 16, 2026

پاکستان سمیت 21 ممالک کی اسرائیل کی طرف سے صومالی لینڈ کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کے فیصلے کی سخت مذمت

پاکستان سمیت 21 ممالک کی اسرائیل کی طرف سے صومالی لینڈ کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کے فیصلے کی سخت مذمت

اسلام آباد : پاکستان، سعودی عرب، ایران، ترکیہ سمیت 21 سے زائد مسلم ممالک اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے اسرائیل کے صومالیہ کے علاقے صومالی لینڈ کو ایک علیحدہ ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کے فیصلے پر شدید اعتراض کیا ہے اور اسے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کا 26 دسمبر 2025 کو اٹھایا جانے والا یہ قدم پورے ہارن آف افریقہ اور بحیرۂ احمر کے علاقے کی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔ اس اعلامیے میں اردن، مصر، الجزائر، قطر، کویت، نائیجیریا اور فلسطین سمیت دیگر مسلم ممالک کے وزراء خارجہ نے اسرائیل کے اس فیصلے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اعلامیے میں اسرائیل کے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ کسی بھی ملک کے کسی حصے کو علیحدہ ریاست کے طور پر تسلیم کرنا اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ مسلم ممالک نے اس فیصلے کو ریاستوں کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے خلاف قرار دیا اور کہا کہ یہ اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم کا عکاس ہے۔

وزراء خارجہ نے صومالیہ کی وحدت اور اس کے تمام علاقوں پر اس کی حاکمیت کی حمایت کی اور کہا کہ صومالیہ کی تقسیم کی کوئی بھی کوشش عالمی امن کے لیے ایک خطرناک مثال بن سکتی ہے۔ اعلامیے میں اس بات کا بھی ذکر کیا گیا کہ اسرائیل کا یہ اقدام فلسطین کے معاملے سے جڑا ہوا ہو سکتا ہے، لیکن مسلم ممالک نے اس خدشے کو مسترد کر دیا اور کہا کہ فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کو کسی صورت بھی قبول نہیں کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں ہونے والی اس مشاورت کے بعد جاری ہونے والے اس مشترکہ احتجاج نے یہ واضح کر دیا کہ مسلم دنیا صومالیہ کی علاقائی سالمیت کے تحفظ اور عالمی قوانین کی بالادستی کے لیے یکجا ہے۔

اس کے علاوہ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صومالی لینڈ کو ایک آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کے امکان کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس وقت ایسی کسی تجویز کی حمایت نہیں کرتے۔

یاد رہے کہ اسرائیل وہ پہلا ملک ہے جس نے صومالی لینڈ کو تسلیم کیا ہے، جس پر عالمی سطح پر شدید ردعمل آیا ہے۔

ٹیگز: