کراچی: چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے خبردار کیا ہے کہ صوبے میں شدید سیلاب کا امکان موجود ہے۔ اس حوالے سے سندھ میں متوقع سیلاب کی صورتحال پر اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت انہوں نے کی۔
اجلاس میں پانی کے بہاؤ اور ممکنہ سیلاب کے حالات پر جامع رپورٹ پیش کی گئی۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت دی کہ سیلاب کی صورتحال پر چوبیس گھنٹے نظر رکھی جائے اور انتظامیہ کو مکمل طور پر چوکس رکھا جائے۔
اسی طرح چیف سیکرٹری آفس، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر میں کنٹرول رومز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ متعلقہ اداروں کے ملازمین کی چھٹیاں معطل کر دی گئی ہیں تاکہ ہنگامی حالات میں فوری ردعمل ممکن ہو سکے۔
محکمہ صحت کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ادویات اور ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پاک فوج، ریسکیو اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ میں رہیں۔
کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو دریاؤں کے کنارے واقع علاقوں کا مانیٹرنگ اور زمینی دورے کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ آصف حیدر شاہ نے کہا کہ فوری اور مؤثر اقدامات جان و مال کے بڑے نقصان کو روک سکتے ہیں۔