اسلام آباد : بھارت کی جارحیت کے بعد پاکستان پر سائبر حملوں کے خدشے کے پیش نظر نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ایک اہم ایڈوائزری جاری کی ہے۔ ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ دشمن عناصر ملکی نیٹ ورکس کو نشانہ بنانے اور عوام میں خوف و انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ایڈوائزری کے مطابق، دشمن سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کے ذریعے جھوٹی خبریں، گمراہ کن پیغامات، جعلی لنکس اور فشنگ اسکیمز کے ذریعے لوگوں کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ شہریوں کو تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ کسی مشتبہ لنک پر کلک نہ کریں، غیر مصدقہ ای میلز یا پیغامات نہ کھولیں اور ایسی معلومات آگے نہ بڑھائیں۔
سائبر ٹیم نے یہ بھی کہا ہے کہ عوام صرف سرکاری یا مستند ذرائع سے ہی اپ ڈیٹس حاصل کریں اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں پر ہرگز یقین نہ کریں۔ موجودہ حالات میں احتیاط اور ہوشیاری ضروری ہے تاکہ دشمن کا پروپیگنڈا ناکام بنایا جا سکے۔