Wed, September 16, 2026

یوٹیوب کا بڑا اپ ڈیٹ، شارٹس کے لیے کسٹم تھمب نیلز متعارف

یوٹیوب کا بڑا اپ ڈیٹ، شارٹس کے لیے کسٹم تھمب نیلز متعارف

کیلیفورنیا: ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے، جس کی مدد سے شارٹس ویڈیوز کے تھمب نیلز کو زیادہ مؤثر انداز میں ترتیب دینا ممکن ہو سکے گا۔

کمپنی کے مطابق ابتدائی طور پر یہ سہولت صرف ان کریئیٹرز کو فراہم کی جا رہی ہے جو یوٹیوب پارٹنر پروگرام سے منسلک ہیں اور اپنے مواد سے آمدن حاصل کر رہے ہیں۔

اس اپ ڈیٹ کے بعد اہل صارفین اپنی شارٹس ویڈیوز پر اپنی مرضی کی کسٹم تھمب نیل تصویر لگا سکیں گے، جس سے ان کی ویڈیوز مزید نمایاں اور پرکشش نظر آئیں گی۔

اس کے علاوہ، ڈیسک ٹاپ یا لیپ ٹاپ پر یوٹیوب اسٹوڈیو کے ذریعے پہلے سے اپ لوڈ کی گئی ویڈیوز کے تھمب نیلز میں بھی ردوبدل کیا جا سکے گا۔

یوٹیوب کا کہنا ہے کہ آنے والے وقت میں اس فیچر کو مرحلہ وار دیگر صارفین کے لیے بھی دستیاب کر دیا جائے گا۔

ڈیسک ٹاپ ورژن میں صارفین کو ویڈیو کے لیے تجویز کیے گئے تین مختلف فریمز میں سے کسی ایک کو تھمب نیل منتخب کرنے کی سہولت ملے گی۔ اگرچہ یہ آپشن پہلے طویل دورانیے کی ویڈیوز کے لیے موجود تھا، لیکن اب اسے شارٹس میں بھی شامل کیا جا رہا ہے۔

موبائل ایپ استعمال کرنے والے صارفین پہلے کی طرح ویڈیو کے کسی بھی فریم کو بطور تھمب نیل منتخب کر سکیں گے۔

کمپنی کے مطابق تھمب نیل کی تجاویز ویڈیو کے موضوع، مواد اور انداز کا تجزیہ کرنے کے بعد پیش کی جائیں گی تاکہ ناظرین کی توجہ زیادہ مؤثر طریقے سے حاصل کی جا سکے۔
 
 

ٹیگز: