Wed, September 16, 2026

یوٹیوب شارٹس کو بڑا اپ ڈیٹ، کئی نئے فیچرز شامل

یوٹیوب شارٹس کو بڑا اپ ڈیٹ، کئی نئے فیچرز شامل

کیلیفورنیا: یوٹیوب نے اپنے شارٹس پلیٹ فارم کو مزید جدید اور صارف دوست بنانے کے لیے متعدد نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جن کی مدد سے اب تصاویر کی بنیاد پر بھی دلکش شارٹس تیار کی جا سکیں گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی شارٹس کو بتدریج ایسے انداز میں اپ گریڈ کر رہی ہے جو کافی حد تک انسٹاگرام اور ٹک ٹاک سے مماثلت رکھتا ہے۔ نئی اپ ڈیٹ کے بعد صارفین ایک ہی پوسٹ میں زیادہ سے زیادہ 10 تصاویر شامل کرکے سلائیڈ شو طرز کا مواد تخلیق کر سکیں گے۔

اس فیچر کے ذریعے تصاویر پر اپنی مرضی کا متن لکھنے کے ساتھ 15 سیکنڈ تک کا بیک گراؤنڈ میوزک بھی شامل کیا جا سکے گا، جس سے بغیر ویڈیو ریکارڈ کیے بھی پرکشش اور تخلیقی شارٹس بنانا ممکن ہوگا۔

کمپنی کے مطابق اس اپ ڈیٹ کا مقصد صارفین کو اپنی تصویری کہانیاں، یادگار لمحات اور دیگر بصری مواد براہِ راست شارٹس فیڈ میں زیادہ آسان اور مؤثر انداز میں شیئر کرنے کا موقع دینا ہے۔ یہ نیا فیچر انسٹاگرام اور ٹک ٹاک پر موجود فوٹو پوسٹس کی طرز پر تیار کیا گیا ہے، جہاں اس قسم کا مواد خاصی مقبولیت رکھتا ہے۔

اس سے قبل یوٹیوب نے شارٹس کے یوزر انٹرفیس میں بھی کئی نمایاں تبدیلیوں کا اعلان کیا تھا۔ ان میں کلیئر اسکرین موڈ شامل ہے، جو ویڈیو چلنے کے دوران اسکرین پر موجود بٹن اور دیگر عناصر کو عارضی طور پر غائب کر دے گا تاکہ صارفین کی پوری توجہ ویڈیو پر مرکوز رہے۔

اسی اپ ڈیٹ کے تحت شارٹس ویڈیوز کو 2x رفتار سے چلانے کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے، جس سے صارفین مختصر ویڈیوز کو مزید کم وقت میں دیکھ سکیں گے۔

مزید برآں، یوٹیوب لائیک بٹن کے لیے روایتی تھمبز اپ آئیکون کی جگہ ہارٹ آئیکون متعارف کرا رہا ہے، جبکہ ڈس لائیک بٹن کو ختم کرکے اس کی جگہ Not Interested اور Don't Recommend This Channel جیسے نئے فیڈبیک آپشنز فراہم کیے جائیں گے۔

ٹیگز: