پالیکیلے : ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سنسنی خیز مقابلے میں انگلش کپتان ہیری بروک نے اپنی زندگی کی یادگار اننگز کھیل کر پاکستان کے جبڑے سے فتح چھین لی۔ شاہین آفریدی کی ابتدائی تباہ کن بولنگ کے باوجود انگلینڈ نے 2 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کی امیدوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا لیکن آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہی۔ صاحبزادہ فرحان (نصف سنچری) اور بابر اعظم (25) کے علاوہ کوئی بھی ٹاپ آرڈر بلے باز انگلش بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا۔ فخر زمان (24) اور شاداب خان (23) کی بدولت پاکستان نے 164 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، جو ایک مرحلے پر ناممکن نظر آ رہا تھا۔ انگلینڈ کے لیام ڈاسن نے 3 وکٹیں لے کر پاکستانی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔
165 رنز کے تعاقب میں شاہین آفریدی نے اپنے اسپیل سے کہرام مچا دیا اور محض 35 کے مجموعی اسکور پر انگلینڈ کے 3 مہرے گرا دیے، جن میں فل سالٹ اور جوز بٹلر جیسے خطرناک کھلاڑی شامل تھے۔جہاں انگلینڈ کی شکست یقینی نظر آ رہی تھی، وہاں کپتان ہیری بروک دیوار بن گئے۔ انہوں نے میدان کے چاروں اطراف چھکوں اور چوکوں کی برسات کرتے ہوئے محض 51 گیندوں پر سنچری داغ دی۔
سنسنی خیز اختتام: ہیری بروک کے آؤٹ ہونے کے بعد میچ ایک بار پھر پھنس گیا، لیکن انگلینڈ نے آٹھویں وکٹ کے گرنے کے باوجود آخری اوور میں ہدف پورا کر لیا۔میچ کا سب سے بڑا موڑ وہ تھا جب ہیری بروک نے پاکستانی اسپنرز کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اپنائی اور شاہین آفریدی کے پیدا کردہ دباؤ کو ختم کر دیا۔