کولمبو : آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے نمیبیا کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 102 رنز کے بھاری مارجن سے پچھاڑ دیا اور باآسانی سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی قومی ٹیم کی جانب سے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے تاریخ رقم کر دی۔ انہوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورلڈ کپ کی پہلی سنچری جڑ دی۔ فرحان نے صرف 57 گیندوں پر 11 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 100 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ سلمان علی آغا: 38 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ شاداب خان نے اختتامی اوورز میں 36 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں پر 199 رنز کا پہاڑ جیسا ٹوٹل سجایا۔
200 رنز کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم پاکستانی باؤلرز کے سامنے مکمل بے بس نظر آئی۔ پوری ٹیم 18 ویں اوور میں محض 97 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ عثمان خان نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ شاداب خان نے آل راؤنڈ کارکردگی دکھاتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین آفریدی اور ابرار احمد کی جگہ شامل کیے گئے سلمان مرزا اور خواجہ نافع نے بھی اپنی موجودگی کا احساس دلایا۔
سپر 8 مرحلے میں رسائی کے بعد پاکستان کا مقابلہ دنیائے کرکٹ کی ٹاپ ٹیموں سے ہوگا۔ 21 فروری: پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ، 24 فروری: پاکستان بمقابلہ انگلینڈ، 28 فروری: پاکستان بمقابلہ سری لنکا سے پاکستان کی ٹیم کا مقابلہ ہوگا۔