پورٹ آف اسپین: ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔ دوسرے دن کے اختتام پر قومی ٹیم نے پہلی اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنا لیے۔
پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق نے ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری مکمل کی، جبکہ بابر اعظم نے بھی شاندار نصف سنچری سکور کی۔ دونوں بیٹرز نے مشکل صورتحال میں ٹیم کو سنبھالتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 168 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔
اس سے قبل پاکستان کی اننگز کا آغاز محتاط انداز میں ہوا، تاہم 34 کے مجموعی سکور پر امام الحق 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ نوجوان اوپنر اذان اویس نے 55 رنز کی اہم اننگز کھیل کر ٹیم کو بہتر آغاز فراہم کیا۔
دن کے اختتام پر عبداللہ شفیق 107 اور بابر اعظم 86 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، جبکہ پاکستان کو ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کا مجموعہ عبور کرنے کے لیے مزید 78 رنز درکار ہیں۔
اس سے قبل میزبان ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 344 رنز بنائے۔ جسٹن گریوز نے 73 اور کپتان روسٹن چیز نے 70 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جبکہ برینڈن کنگ، شے ہوپ اور عامر جنگو نے بھی ٹیم کے سکور میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستانی بولرز میں ساجد خان سب سے کامیاب رہے، جنہوں نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ عبید شاہ، محمد علی اور علی عثمان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں ویسٹ انڈیز کو 1-0 کی برتری حاصل ہے، جبکہ پاکستان کے لیے سیریز برابر کرنے کے لیے اس میچ میں کامیابی ضروری ہے۔