احمد آباد : ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے سپر 8 مرحلے میں سنسنی خیز مقابلوں اور غیر متوقع نتائج نے سیمی فائنل کی دوڑ کو انتہائی پیچیدہ بنا دیا ہے۔ جنوبی افریقہ سے شکست کے بعد، ٹورنامنٹ کی سب سے مضبوط ٹیم سمجھی جانے والی بھارت اب ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے دہانے پر کھڑی ہے۔
احمد آباد میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست نے بھارتی ٹیم کے سیمی فائنل کے سفر کو 'اگر مگر' کے جال میں پھنسا دیا ہے۔ اب بھارتی ٹیم کے لیے بقا کا واحد راستہ اگلے دونوں میچز میں کامیابی ہے، 26 فروری: زمبابوے کے خلاف (چنئی)، 1 مارچ: ویسٹ انڈیز کے خلاف (ایڈن گارڈنز، کولکتہ)۔ ایک بھی مزید شکست بھارت کو ٹائٹل کی دوڑ سے مکمل طور پر باہر کر دے گی، جبکہ دونوں میچ جیتنے کے باوجود اسے گروپ کی دیگر ٹیموں کے نتائج پر انحصار کرنا ہوگا۔
ٹورنامنٹ میں اب تک کے نتائج نے ماہرین کو بھی حیران کر دیا ہے۔زمبابوے کے خلاف 107 رنز کی بڑی فتح کے ساتھ ویسٹ انڈیز گروپ 1 میں سرفہرست ہے اور تیسری بار چیمپئن بننے کے لیے فیورٹ نظر آ رہی ہے۔ سری لنکا اور زمبابوے کے ہاتھوں شکست کے بعد آسٹریلوی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو چکی ہے، جو اس ورلڈ کپ کا سب سے بڑا اپ سیٹ ہے۔
گروپ 2 میں بھی صورتحال غیر یقینی ہے جہاں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچز بارش کی نذر ہونے سے پوائنٹس ٹیبل پر ہلچل مچی ہوئی ہے۔ انگلینڈ اس وقت دو پوائنٹس کے ساتھ بہتر پوزیشن میں ہے، جبکہ پاکستان، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان سیمی فائنل کے لیے سخت تگ و دو جاری ہے۔
آئی سی سی کے مطابق ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل 4 مارچ کو کولمبو (یا کولکتہ) اور دوسرا سیمی فائنل 5 مارچ کو ممبئی کے وانکھڑے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ شائقین کو امید ہے کہ اگر روایتی حریف بھارت اور پاکستان دونوں کوالیفائی کر لیتے ہیں، تو ایک تاریخی مقابلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔