Wed, September 16, 2026

پہلی بار ورلڈ کپ سیمی فائنل سے قبل ایشیائی ٹیموں کے باہر ہونے کا خدشہ

پہلی بار ورلڈ کپ سیمی فائنل سے قبل ایشیائی ٹیموں کے باہر ہونے کا خدشہ

دہلی : آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026، جو بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں ہو رہا ہے، میں اس بار ایشیائی ٹیموں کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا شدید خطرہ ہے۔ پہلی بار ایسا ہو سکتا ہے کہ تمام ایشیائی ٹیمیں سیمی فائنل سے پہلے ہی باہر ہو جائیں۔

اس ٹورنامنٹ میں جنوبی ایشیا کے 6 ممالک کی ٹیمیں شامل تھیں، جن میں میزبان بھارت، سری لنکا، پاکستان، بنگلہ دیش، افغانستان اور نیپال کی ٹیمیں شامل تھیں۔ بنگلہ دیش کو ایونٹ شروع ہونے سے قبل ہی آئی سی سی نے باہر کر دیا تھا، جبکہ نیپال جیسی کمزور ٹیم بھی پہلے ہی مرحلے میں ہار کر باہر ہو گئی۔ افغانستان کی ٹیم بھی بڑی ٹیموں کو شکست دینے کے باوجود آگے نہیں بڑھ سکی۔

گزشتہ روز سری لنکا کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی اور وہ بھی ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔ اب پاکستان اور بھارت باقی ہیں، مگر دونوں کے لیے سیمی فائنل تک پہنچنا مشکل ہو چکا ہے۔

پاکستان کے لیے مشکل یہ ہے کہ انگلینڈ کی نیوزی لینڈ کے خلاف بڑی جیت نے ان کے راستے میں مزید رکاوٹ ڈالی ہے۔ اگر انگلینڈ نیوزی لینڈ کو ہرا دیتا ہے تو پاکستان کو سری لنکا کو بڑے مارجن سے ہرا کر سیمی فائنل تک پہنچنے کا موقع ملے گا، لیکن اگر نیوزی لینڈ جیت گیا تو پاکستان کا کھیل ختم ہو جائے گا۔

دوسری طرف بھارت کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے سخت چیلنج کا سامنا ہے۔ بھارت کو اپنے اگلے دونوں میچز، زمبابوے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف، بڑے مارجن سے جیت کر رن ریٹ بہتر کرنا ہوگا۔

اگر بھارت ان میں سے ایک بھی میچ ہار جاتا ہے یا رن ریٹ بہتر نہیں کر پاتا تو یہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلا موقع ہو گا کہ کوئی بھی ایشیائی ٹیم سیمی فائنل تک نہ پہنچے۔

ٹیگز: