لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے اہم معرکے میں کراچی کنگز نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی امیدیں برقرار رکھیں۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا انتخاب کیا، جس کے بعد لاہور قلندرز کو بیٹنگ کے لیے میدان میں اتارا گیا۔
لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔ فخر زمان نے 61 جبکہ عبداللہ شفیق نے 62 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ مضبوط بنایا۔ کراچی کی جانب سے معین علی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ حسن علی اور رضا اللہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز نے اعتماد کے ساتھ بیٹنگ کرتے ہوئے 19ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور حاصل کرلیا۔ کپتان ڈیوڈ وارنر نے 63 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔
میچ کے آخری لمحات میں خوشدل شاہ نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے پانسہ پلٹ دیا۔ انہوں نے صرف 14 گیندوں پر 44 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں 5 بلند و بالا چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔
دیگر کھلاڑیوں میں معین علی 39، سلمان علی آغا اور اعظم خان 14، 14 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ ریزا ہینڈرکس 10 اور جیسن روئے 9 رنز تک محدود رہے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے عبید شاہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ڈینیئل سیمس اور حارث رؤف نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی، تاہم وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔