لاہور : پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے 24ویں میچ میں کراچی کنگز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ بارش کے باعث میچ 15 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا، جس میں کراچی نے آخری اوور میں ہدف حاصل کیا۔
لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے تیز رفتاری سے رنز بنائے۔ نوجوان بلے باز محمد نعیم نے دھواں دار آغاز فراہم کرتے ہوئے 29 گیندوں پر 65 رنز اسکور کیے، جس میں 5 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔
اوپنر فخر زمان نے بھی 33 گیندوں پر 51 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ عبداللہ شفیق 18، سکندر رضا 8، آصف علی 2، جبکہ ڈیرل مچل، سیم بلنگز اور شاہین آفریدی بغیر کوئی بڑا اسکور کیے آؤٹ ہوئے۔
کراچی کنگز کے باؤلرز میں عباس آفریدی نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ عامر جمال، حسن علی اور میر حمزہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز نے متوازن بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ ڈیوڈ وارنر اور ٹم سیفرٹ نے 24،24 رنز بنائے۔ سعد بیگ نے 25 اور جیمز ونس نے 13 رنز بنائے۔
عرفان خان نیازی نے 21 گیندوں پر ناقابل شکست 48 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلوائی۔
محمد نبی نے 15 رنز اور خوشدل شاہ نے 9 رنز بنائے۔
لاہور کی جانب سے ڈیرل مچل اور حارث رؤف نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ آصف آفریدی اور رشاد حسین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
لاہور قلندرز نے ٹام کرن کی جگہ رشاد حسین کو ٹیم میں شامل کیا، جب کہ کراچی کنگز نے فواد علی کی جگہ حسن علی اور عمیر یوسف کی جگہ سعد بیگ کو موقع دیا۔
اس کامیابی کے ساتھ کراچی کنگز 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر آگئی ہے، جبکہ لاہور قلندرز 9 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔