جاپان :ایشین گیمز 2026 کے مردوں کے ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے اپنی مہم کا شاندار آغاز کرتے ہوئے پول بی کے میچ میں تھائی لینڈ کو صفر کے مقابلے میں 9 گول سے شکست دے دی۔
پاکستانی کھلاڑیوں نے میچ کے ابتدائی لمحات ہی سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور حریف ٹیم کو دفاعی پوزیشن اختیار کرنے پر مجبور کیے رکھا۔ قومی ٹیم کی جانب سے معین شکیل نے 8ویں منٹ میں گول کرکے پاکستان کا کھاتہ کھولا، جبکہ عماد بٹ نے 12ویں منٹ میں دوسرا گول سکور کیا۔
احمد ندیم پاکستان کی جانب سے نمایاں کھلاڑی رہے، جنہوں نے میچ میں ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ انہوں نے 20ویں، 37ویں اور 43ویں منٹ میں تین فیلڈ گول کیے۔
سفیان خان نے بھی عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے دو پینلٹی کارنرز کو گول میں تبدیل کیا۔ انہوں نے 22ویں اور 23ویں منٹ میں مسلسل دو گول کرکے پاکستان کی پوزیشن مزید مضبوط کردی۔
اس کے بعد رانا وحید اشرف نے 31ویں منٹ جبکہ حنان شاہد نے 34ویں منٹ میں گول کرکے پاکستان کی برتری کو مزید وسیع کردیا۔
پاکستان نے پورے میچ کے دوران کھیل پر اپنی گرفت برقرار رکھی اور تھائی لینڈ کی جانب سے کسی بھی ممکنہ حملے کو کامیابی سے ناکام بنایا۔ قومی ٹیم نے 9-0 کی شاندار فتح کے ساتھ پول بی میں اپنے سفر کا آغاز کیا۔
کامیابی کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ ٹیم آئندہ مقابلوں میں بھی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھے گی۔