Mon, September 21, 2026

گرین شرٹس کا فاتحانہ اختتام، جنوبی کوریا کے خلاف ہاکی ٹیسٹ سیریز پاکستان کے نام

گرین شرٹس کا فاتحانہ اختتام، جنوبی کوریا کے خلاف ہاکی ٹیسٹ سیریز پاکستان کے نام

اسلام آباد: پاکستان ہاکی ٹیم نے جنوبی کوریا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخری میچ بھی جیت لیا اور تین میچوں پر مشتمل سیریز میں 0-3 سے کامیابی حاصل کرلی۔

نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم اسلام آباد میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے مقابلے میں قومی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی کوریا کو 3-4 سے شکست دی۔ پاکستان نے میچ میں ایک مرحلے پر خسارے کا سامنا کیا، تاہم کھلاڑیوں نے دوسرے ہاف میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی اپنے نام کی۔

میچ کے ابتدائی حصے میں کوریا کی ٹیم زیادہ مؤثر نظر آئی اور 10ویں منٹ میں کم ہیونگ جن کے گول کی بدولت سبقت حاصل کرلی۔ پہلے ہاف کے اختتام تک مہمان ٹیم کو 0-1 کی برتری حاصل رہی۔

دوسرے ہاف میں پاکستان نے جارحانہ انداز اختیار کیا اور مسلسل حملوں کے ذریعے مقابلے میں واپسی کی۔ قومی ٹیم کی جانب سے حیات زکریا نے 32ویں منٹ میں گول کرکے سکور برابر کیا، جبکہ رانا وحید اشرف نے 45ویں، عبدالرحمٰن نے 55ویں اور شاہد حنان نے 57ویں منٹ میں فیلڈ گول کرتے ہوئے پاکستان کی برتری مضبوط کردی۔

جنوبی کوریا کی طرف سے یانگ جی ہون نے 33ویں اور کم یونگ بوک نے 50ویں منٹ میں گول کیے، جبکہ کم ہیونگ جن نے میچ کا پہلا گول کیا، لیکن کورین ٹیم پاکستانی برتری ختم کرنے میں ناکام رہی۔

مقابلے کے مہمانِ خصوصی وفاقی محتسبِ اعلیٰ نوید کامران بلوچ تھے، جنہوں نے سٹیڈیم میں بیٹھ کر میچ دیکھا اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا۔

اختتامی تقریب کے دوران پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کی جانب سے مہمانِ خصوصی کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔

تقریب میں پی ایچ ایف ڈویلپمنٹ کمیٹی کے چیئرمین اولمپین حسن سردار، سلیکشن کمیٹی کے سربراہ اولمپین سمیع اللہ خان اور ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ یاور حسین سمیت دیگر اہم شخصیات بھی شریک تھیں۔

ٹیگز: